لندن (این این آئی) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) لندن کے بانی الطاف حسین نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کے خلاف زہر اگلتے ہوئے بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی سے اپنی اور اپنے ساتھیوں کی سیاسی پناہ کی درخواست کردی۔میڈیارپورٹس کے مطابق لندن سے سوشل میڈیا پر نشر ہونے والی ایک تقریر میں انہیں بھارتی وزیراعظم سے درخواست کرتے ہوئے دیکھا گیا۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر رواں ماہ کی 9 تاریخ کو جاری ہونے والے الطاف حسین کے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ
اگر بھارت اور وزیراعظم نریندر مودی مجھے اور میرے ساتھیوں کو بھارت آنے کی اجازت اور سیاسی پناہ فراہم کریں تو میں اپنے اور اپنے ساتھیوں کے ساتھ وہاں آنے کو تیار ہوں کیونکہ میرے دادا وہاں دفن ہیں، میری دادی وہاں دفن ہیں اور میرے ہزاروں رشتے دار بھارت میں مدفون ہیں، میں ان کی قبروں پر جاکر فاتحہ کرنا چاہتا ہوں۔اپنی تقریر میں الطاف حسین نے بھارتی حکومت کو یقین دہانی کروائی کہ اگر انہیں سیاسی پناہ دی جاتی ہے تو وہ وعدہ کرتے ہیں کہ وہ کسی سیاست میں مداخلت نہیں کریں گے۔