ممبئی(این این آئی)ایک نئی تحقیق میں سطح سمندر میں تیزی سے اضافے کے باعث 2050 تک ممبئی کے مٹ جانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق ایک ریسرچ میں سیٹلائٹ ریڈنگ کے ذریعے زمین کی بلندی کا حساب لگانے کا ایک بہترین طریقہ تیار کیا گیا ہے۔ جو بڑے علاقوں میں سطح سمندر میں اضافے کے اثرات کا اندازہ لگانے کا ایک معیاری طریقہ ہے۔نئی تحقیق کے مطابق ممبئی میں تقریباً ڈیڑھ کروڑ افراد آج بھی ایسے ہیں جو
سطح سمندر سے نیچے آباد بستیوں میں رہائش پذیر ہیں۔نقل مکانی کرنے والی بین الاقوامی تنظیم کا کہنا تھا کہ سطح سمندر میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، اب ممبئی میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو وہاں سے دوسری جگہ منتقلی کی تیاری شروع کر دینی چاہیے۔واضح رہے کہ چند ماہ قبل فانی نامی طوفان بھارت کی مشرقی ریاست اْڑیسہ کے ساحل سے ٹکرایا تھا جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلی تھی جبکہ مختلف حادثات میں 19 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔