واشنگٹن(این این آئی)مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالی کے باوجود بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو ایوارڈ دینے کے اعلان پر دنیا کے امیر ترین افراد میں شمار ہونے والے بل گیٹس کی جانب سے قائم کیے گئے ادارے بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کو
شدید تنقید کا سامنا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق جنوبی ایشیائی نڑاد امریکی ماہرین تعلیم وکلا اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی جانب سے گیٹس فاؤنڈیشن کے فیصلے کیخلاف آن لائن پٹیشن شروع کردی گئی ہے جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ مودی کی حکمرانی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں ،اب تک اس پٹیشن پر لاکھوں افراددستخط کر چکے ہیں۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ مودی کو انکے کام پر ایوارڈ دیا جارہا ہے کہ لیکن یہ تضاد نظر آتا ہے کہ انسانی حقوق کے حوالے سے ایوارڈ ایک ایسے آدمی کو دیا جائے جو گجرات کے قصائی کے نام سے مشہور ہے۔مہم کے رکن ارجن سیٹھی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر میں اپنے پیغام میں کہا کہ اگر مودی کو ایوارڈ دیا جاتا ہے تو پھر یہ انسانی حقوق کی پامالی، بھارتی سول سائٹی اور انصاف کے لیے لڑنے والوں کی حوصلہ شکنی اور بھارت میں اقلیتی حقوق کی کوئی حیثیت نہ ہونے کا پیغام سمجھا جائے گا۔انہوں نے مہم میں حصہ لینے کی اپیل کرتے ہوئے گیٹس فاؤنڈیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ مودی کو یہ ایوارڈ نہ دے۔