واشنگٹن(این این آئی)ایران کے لیے امریکا کے خصوصی ایلچی برائن ہْک نے یورپی کمپنیوں پر زور دیا ہے کہ وہ دوغلی پالیسی ترک کرکے امریکا اور ایران میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں۔یورپی کمپنیوں کو کھل کر فیصلہ کرنا ہو گا کہ وہ ایران یا ہمارے ساتھ کام کریں گی؟غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برائن ہک نے ایک بیان میں کہا کہ ان کا ملک ایرانی تیل کی خریداری کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے ساتھ ایرانی تیل کے
خریداروں پر بھی بلا روک ٹوک پابندیاں عاید کرے گا۔ واشنگٹن، ایران کو تیل کی مد میں ملنے والے 50 ارب ڈالر وں سے محروم رکھے گا۔برائن ہْک نے کہا کہ اگرایران کو یمن میں اپنے پنجے گاڑنے سے نہ روکا گیا تو وہ آبنائے ہرمز بند کردے گا۔ انہوں نے ایران پر کشیدگی کے خاتمے اور تنازع کے سفارتی حل کی کوکوششوں کو سبوتاڑ کرنے کا الزام عاید کیا۔ امریکی عہدیدارکا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ نے بار بار کہا ہے کہ وہ ایرانی صدر کی طرف سے کسی بھی رابطے کا خیر مقدم کریں گے۔