نئی دہلی( آن لائن ) بھارت نے کہا ہے کہ امید ہے کہ پاکستان گرے لسٹ میں رکھے جانے کے فیصلے کے بعد ستمبر تک کی مدت کے اندر اپنی سرزمین کو دہشتگردانہ سرگرمیوں اور انہیں ملنے والی مالی امداد کو روکنے کیلئے ٹھوس اور قابل اعتماد قدم اٹھائے گا ۔ بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایف اے ٹی ایف نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان کو
گرے لسٹ میں برقرار رکھا جائے اور اسے جنوری اور مئی 2019 کیلئے دی گئی ٹاسک کے نکات کو پورا کرنے کیلئے نگرانی میں رکھا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو امید ہے کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کے ٹاسک کو ستمبر 2019 تک کی معیاد کے اندر موثر طریقے سے عملدرآمد کریگا اور اپنی سرزمین سے بننے والی دہشتگردانہ اور دہشتگردی کی فنانسنگ سے منسلک عالمی خدشات کے حل کیلئے قابل اعتماد ٹھوس اور موثر اقدامات اٹھائے گا ۔