ٹوکیو(این این آئی) نشے کی حالت میں ڈرون اْڑانے والوں کیخلاف جاپان میں ایک نیا قانون منظور کیا گیا ہے۔ رواں ہفتے منظور کیے گئے قانون کے مطابق نشے کی حالت میں ڈرون اڑانے والوں کو ایک سال جیل کی سزا دی جائیگی۔جاپان کی پارلیمنٹ میں رواں ہفتے قانون منظور کیا گیا ہے، قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو تین لاکھ جاپانی ین (2 ہزار 200 برطانوی پائونڈز) جرمانہ کیا جائے گا۔ قانون کا اطلاق 200 گرام سے زائد والوں والے ڈرون پر ہو گا اور حکومت کی طرف سے متعین
کی گئی حدود سے باہر بھی نہیں جا سکیں گے۔خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان کے ٹرانسپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ نشے کی حالت میں ڈرون اْڑانا ایک لمحہ فکریہ عمل ہے۔ اسی لیے ہم نے ایک قانون پاس کیا ہے جس کے مطابق نشے کی حالت میں ڈرون اْڑانے والوں کو بڑا جرمانہ کیا جائے گا۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت تنبیہ بھی دی جائے گی تاہم پھر بھی قانون کی پیروی نہ کی گئی تو خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانہ بڑھا کر 5 لاکھ جاپانی ین کرینگے۔