واشنگٹن (این این آئی) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے تہران کے ساتھ مذاکرات کرنے کا اعلان کر دیا۔ ایرانی صدر کا کہنا ہے کہ امریکا عالمی قوانین کی پاسداری کرے تو مذاکرات ممکن ہیں۔تفصیلات کے مطابق ایران کے آنکھیں دکھانے پر امریکا کی جانب سے لچک کا مظاہرہ سامنے آنا شروع ہو گیا ہے۔ امریکا نے تہران کے ساتھ بغیر کسی پیشگی شرائط کے مذاکرات کا اعلان کر دیا ہے۔سوئٹزرلینڈ میں پریس کانفرنس سے خطاب میں امریکی
وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ واشنگٹن بغیر کسی شرائط کے تہران کے ساتھ مذاکرات کیلئے مل بیٹھنے کو تیار ہے، تاہم ایران کی جانب سے خطے کو غیر مستحکم کرنے کی پالیسی کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کو جاری رکھا جائے گا۔دوسری جانب ایرانی صدر حسن روحانی نے واضح کیا ہے کہ اگر امریکا بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرے تو واشنگٹن سے مذاکرات ممکن ہیں تاہم واشنگٹن زور زبردستی سے تہران کو مذاکرات کیلئے مجبور نہیں کر سکتا۔