سان فرانسسکو(این این آئی)امریکا میں ایک شخص نے سڑک کنارے کھڑے لوگوں کو مسلمان سمجھ کر گاڑی سے کچل دیا۔ واقعے میں 8 افراد زخمی ہوئے،جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی پولیس نے بتایا کہ واقعے میں
8 افراد زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔سان فرانسسکو کے قریب پیش آنے والے اس حادثے پر پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم کو لوگوں کے حلیے سے یہ لگا تھا کہ یہ لوگ مسلمان ہیں، جس پر اس نے اپنی گاڑی چڑھا دی۔ گرفتار ملزم کا تعلق کیلی فورنیا سے ہے، جب کہ اس کی عمر 34 سال اور نام پیپلز ہے۔پولیس کا مزید کہنا تھا کہ یہ کیس ایک نفرت پر مبنی جرم ہے، ملزم پیپلز نے مسلمانوں کے خلاف اپنی نفرت کا اظہار کرتے ہوئے یہ قدم اٹھایا۔ حادثے میں زخمی ہونے والے تین افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، جس میں باپ، بیٹا اور بیٹی شامل ہیں۔واقعہ کے فوری بعد متاثرہ افراد کی شناخت اور شہریت سے متعلق کوئی تصدیق نہیں ہوسکی۔دوسری جانب پیپلز کے وکیل کا کہنا تھا کہ حادثے سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ یہ واقعہ ایک ذہنی بیماری کے نتیجے میں ہوا ہے اور اس کیلئے اس کا علاج کیا جائے گا۔پیپلز کے وکیل کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ سابق اہل کار ہے اور شاید یہ ہی وجہ ہوسکتی ہے کہ وہ ذہنی طور پر کسی دبا کا شکار ہو۔