لندن (این این آئی)برطانیہ کے شہر لنکا شائر میں پولیس نے مسجد کی دیوار پر متعصب اور نسل پرستانہ جملے لکھنے والے شخص کو گرفتار کرلیا۔رپورٹ کے مطابق دو روز قبل مسجد سلام کے بیرونی گیٹ کی دیوار پرپاکستانیوں سے متعلق نسل پرستانہ جملے لکھے گئے تھے۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ مسجد انتظامیہ نے مذکورہ توہین آمیز جملے مٹادیے تھے۔بعدازاں ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات کو مزید قابل اعتراض اور نسل پرستانہ جملے لکھے گئے۔اس حوالے سے اخبار نے دعویٰ کیا کہ پولیس نے مسجد کی دیوار پر نسل پرستانہ جملے لکھنے والے 47 سالہ شخص کو گرفتار کرلیا۔لنکا شائر کے کانسٹیبلری کے مطابق زیرحراست شخص کا معائنہ کرنے کے بعد مینٹل ہیلتھ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔چیف انسپکٹر گرے کرویو نے کہا کہ میں خاص طور پر عبادت گزاروں (مسلمانوں) کو یقین دہانی کراتا ہوں کہ ہم مذکورہ معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اسی طرح کی دیگر 3 رپورٹس موصول ہوئی ہیں جس کے باعث مقامی کمیونٹی میں مایوسی کی فضا ہے۔چیف انسپکٹر نے یقین دلایا کہ ’یہ عمل ناقابل برداشت ہے اور ہم غیراخلاقی اور نسل پرستانہ جملوں یا اشکال کو جلد از جلد صاف کررہے ہیں اور اس ضمن میں تعاون پر کمیونٹی کے شکرگزار ہیں۔واقعے کے بعد پولیس نے علاقے میں اپنی گشت بڑھا دی۔