ریاض(این این آئی)سعودی عرب کے مقتول صحافی جمال خاشقجی کے خاندان نے سعودی انتظامیہ سے عدالت کے باہر مذاکرات کے ذریعے تصفیہ کی تردید کردی۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جمال خاشقجی کے بڑے بیٹے صلاح خاشقجی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ فی الوقت معاملے کا ٹرائل چل رہا ہے اور تصفیہ کے لیے کوئی مذاکرات نہیں ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ جنہوں نے یہ جرم کیا اور اس میں ملوث رہے
انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور سزا دی جائے گی۔واضح رہے کہ امریکی اخبار نے یکم اپریل کو اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ سعودی عرب نے مقتول صحافی جمال خاشقجی کے 4 بچوں کو ‘خون بہا’ میں لاکھوں ڈالر مالیت کے گھر اور ماہانہ بنیادوں پر لاکھوں ڈالر رقم دی ہے۔تاہم صلاح خاشقجی کا کہنا تھا کہ صرف ان کے خاندان اور ان کے اٹارنی کے ذریعے حاصل ہونے والے معلومات کو مستند سمجھا جائے۔