تہران (این این آئی)ایران کے سابق اصلاح پسند صدر محمد خاتمی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی روش کی وجہ سے ایرانی عوام کا حکومت پر اعتبار اْٹھ چکا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق بیرون ملک سفر پرپابندی کے شکار سابق صدر نے ایرانی پارلیمنٹ کے ایک گروپ سے خطاب میں کہا کہ ملک اس وقت انتہائی مشکل حالات اور دور سے گذر رہا ہے۔ عوام کا حکومت پر اعتبار مزید ختم ہو رہا ہے۔
اور عوام میں مایوسی کے بادل مزید گہرے ہوتے جا رہے ہیں۔سابق صدرنے کہا کہ اصلاح پسندوں کی طرف سے بھی آئندہ انتخابات میں عوام کو کوئی امید نہیں دلائی گئی۔ موجودہ حکومت بھی عوام میں مایوسی کم نہیں کرسکی۔محمد خاتمی نے اصلاح پسندوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ عوام کے ووٹوں سے پارلیمنٹ میں آئے ہیں۔عوام آپ سے صرف نعرے اور دعوے نہیں سنتے بلکہ حقیقی اصلاحات دیکھنا چاہتے ہیں۔محمد خاتمی اور سابق صدر علی اکبر ہاشمی رفسنجانی نے موجودہ ایرانی صدر حسن روحانی کی صدارتی انتخابات میں ان کی حمایت کی تھی۔انہوں نے کہا کہ میں بہت مشکل موضوع پربات کررہا ہوں۔ عوام کا حکومت پر اعتماد اٹھ چکا ہے جس کے نتیجے میں عوام میں سخت مایوسی پائی جا رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایرانی رجیم کو عوام کے حقوق کے حوالیسے لچک اور نرمی کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور اسے اصلاحالات کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ اس طرح حکومت اور عوام کیدرمیان بد اعتمادی ختم کی جاسکتی ہے۔