نئی دہلی (این این آئی) بھارتی پنجاب کے وزیر اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کے تازہ بیان پر بھارت میں انتہا پسند پھر بھڑک اٹھے ہیں جنہوں نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ کھڑا کر دیا۔بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی پنجاب کے وزیر اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے پلوامہ حملے کی مذمت کی اور بھارتی فوج کے سیکیورٹی انتظامات اور ان میں خامیوں کو ہدف تنقید
بنایا ہے۔انہوں نے مذاکرات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سب کو مذاکرات کے ذریعے روکا اور بند کیا جاسکتا ہے، یہ مسئلہ گالیاں دینے سے حل نہیں ہوگا، اس کا مستقل حل ضروری ہے۔سدھو نے کہا کہ کسی بھی جانب کیچڑ اچھالنے سے یہ مسئلہ حل نہیں ہوگا کیوں کہ ادھر بھی جان جا رہی ہے اور ادھر بھی جان جا رہی ہے، اس معاملے کا کرتار پور سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔