استنبول(این این آئی)ترکی کے شہر استنبول میں ایک اپارٹمنٹ عمارت منہدم ہونے سے مرنے والوں کی تعداد اکیس ہوگئی ہے جبکہ ترک صدر نے کہا ہے کہ حکام کو اس واقعے سے بہت کچھ سیکھنے کی ضرورت ہے۔استنبول کے ایشیائی حصے میں واقع علاقے کارتل میں ایک آٹھ منزلہ بلاک بدھ کو منہدم ہوگیا تھا لیکن اس کے اچانک ڈھے پڑنے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صدر ایرد وآن نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا ۔اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ہمیں اس واقعے سے
بہت زیادہ سبق سیکھنے کی ضرور ت ہے۔ہم مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لیے ضروری اقدامات کریں گے۔دریں اثناء ترک وزیر داخلہ سلیمان سوئلو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمارت منہدم ہونے سے مرنے والوں کی تعداد اکیس ہوگئی ہے اور چودہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ہمارے تخمینے کے مطابق عمارت کے ملبے تلے پینتیس افراد دب کر رہ گئے تھے اور ہم نے ان تمام کو شمار کر لیا ہے۔منہدم عمارت کا ملبہ اٹھانے کے لیے بھاری مشینوں سے امدادی کارروائی جاری ہے۔