اسلام آباد (نیوز ڈیسک)بھارتی فوج کی جانب سے پاکستان پر حالیہ اشتعال انگیزی کے بعد انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے ایک میچ کے دوران اچانک فلڈ لائٹس بند ہونے کے واقعے کی وجہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران بیان کر دی۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر دفاع نے ایوان کو آگاہ کیا کہ پاکستان نے بھارتی جارحانہ رویے کا جواب دینے کے لیے سائبر محاذ پر بھرپور حکمت عملی اختیار کی، جس میں ہمارے نوجوان سائبر ماہرین نے اہم بھارتی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سائبر حملوں کے ذریعے ہمارے بچوں نے میدان میں صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں نہ صرف آئی پی ایل میچ کے دوران اسٹیڈیم کی فلڈ لائٹس بند ہوئیں بلکہ بھارتی اسٹیڈیمز کے کنٹرول سسٹمز اور دیگر تنصیبات، جن میں ڈیمز بھی شامل ہیں، متاثر ہوئیں۔
خیال رہے کہ 8 مئی کو دھرم شالہ میں کھیلے جانے والے میچ میں پنجاب کنگز اور دہلی کیپٹلز کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں، جب اچانک اسٹیڈیم کی روشنی گل ہو گئی، جس پر میچ معطل کر دیا گیا اور شائقین کو فوری طور پر اسٹیڈیم سے نکلنے کی ہدایت کی گئی۔
وزیر دفاع نے اس موقع پر اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان نے تمام تر اشتعال انگیزی کے باوجود بے گناہ شہریوں کو نشانہ نہیں بنایا اور ذمہ دار ریاست کے طور پر اپنا کردار ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کی تحقیقات مکمل کیے بغیر پاکستان پر بلا جواز الزام تراشی کی، جس میں کئی معصوم افراد کی جانیں گئیں، جو اس کی ناکام پالیسیوں کا ثبوت ہے۔