ریاض(این این آئی )سعودی عرب کے وزیرمملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیرنے واشنگٹن میں امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات کی ہے ، اس ملاقات میں شام اور ایران سمیت خطے کے اہم مسائل پر بات چیت کی گئی۔عرب ٹی وی کے مطابق امریکی وزیرخارجہ نے علاقائی اور دو طرفہ دلچسپی کے امور میں سعودی عرب کی طرف سے بھرپور تعاون پران کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔دونوں دوست ممالک کے وزرائے خارجہ نے یمن میں اقوام متحدہ کے مندوب مارٹن گریفنتھس کی زیرنگرانی امن مساعی کی حمایت
جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یمنی حکومت اور حوثی باغیوں کو سویڈن میں طے پائے جنگ بندی معاہدے پرہرصورت میں عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا۔عادل الجبیر اور مائیک پومپیو کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ایران کے بڑھتے خطرات کی روک تھام کے لیے تزویرات اتحاد کی تشکیل اور انسانی حقوق کے امور پر بات چیت کی گئی۔دونوں رہ نماؤں نے صحافی جمال خاشقجی کے قتل کی شفاف تحقیقات جاری رکھنے اور اس گھناؤنے قتل کے مجرموں کا محاسبہ کرنے کی کوششیں جاری رکھنے سے اتفاق کیا گیا۔