برلن(این این آئی)جرمنی میں اسلام اور مہاجرین کی آمد کی مخالف سیاسی جماعت اے ایف ڈی اب یورپی پارلیمان کے بھی خلاف ہو گئی ،میڈیارپورٹس کے مطابق پارٹی کے ایک کنوینشن میں یہ رائے سامنے آئی کہ یورپی پارلیمان غیر ضروری ہو چکی ہے، جسے ختم کر دیا جانا چاہیے۔جرمنی میں لاکھوں مہاجرین اور غیر ملکی تارکین وطن کی آمد کی وجہ سے پیدا ہونے والے بحرانی حالات کے پس منظر میں گزشتہ چند برسوں کے دوران کافی
عوامی تائید حاصل کر لینے والی یہ جماعت الٹرنیٹیو فار ڈوئچ لینڈ (اے ایف ڈی) یا جرمنی کے لیے متبادل کہلاتی ہے۔ اپنی سیاسی سوچ کے لحاظ سے یہ پارٹی کافی حد تک انتہائی دائیں بازو کی پاپولسٹ سیاسی جماعت ہے۔اس جماعت کا ایک ملک گیر کنوینشن اس وقت شہررِیزا میں ہو رہا ہے، جہاں اس اجتماع کے مندوبین کی بڑی تعداد کی طرف سے یہ رائے سامنے آئی کہ یورپی پارلیمان غیر ضروری ہو چکی ہے، جس کے خاتمے کے لیے کوششیں کی جانا چاہئیں۔