ریاض (این این آئی)سعودی عرب میں جاری شاہی فرمان کے ذریعے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کی صدارت میں سعودی کابینہ کی از سر نو تشکیل عمل میں لائی گئی ہے۔علاوہ ازیں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی صدارت میں سیاسی اور سکیورٹی امور کی کونسل کی تشکیل نو کے حوالے سے بھی شاہی فرمان جاری کیا گیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق نئی تشکیل کے تحت عادل الجبیر کی
جگہ ابراہیم العساف کو نیا وزیر خارجہ بنایا گیا ہے جب کہ عادل الجبیر اب وزیر مملکت برائے خارجہ امور ہوں گے۔عبداللہ بن بندر بن عبد العزیز کو نیشنل گارڈز کا وزیر مقرر کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ ترکی الشبانہ وزیر اطلاعات اور حمد آل الشیخ وزیر تعلیم ہوں گے۔عسیر کے گورنر فیصل بن خالد کو سبک دوش کر کے ان کی جگہ ترکی بن طلال کو نیا گورنر مقرر کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ سیاحت سے متعلق اتھارٹی کے سربراہ سلطان بن سلمان کو اْن کے عہدے سے سبک دوش کر کے مملکت میں اسپیس اتھارٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔شاہی فرمان کے تحت الجوف صوبے کے گورنر بدر بن سلطان کی جگہ فیصل بن نواف کو نیا گورنر بنایا گیا ہے۔کابینہ کے وزیر مساعد العیبان کو قومی سلامتی کا مشیر مقرر کیا گیا ہے۔ترکی آل الشیخ کو اسپورٹس اتھارٹی کی سربراہی سے ہٹا کر ان کی جگہ عبدالعزیز بن ترکی کو نیا سربراہ بنایا گیا ہے۔شاہی فرمان میں ترکی آل الشیخ کو انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔جنرل خالد بن قرار الحربی کو مملکت کی جنرل سکیورٹی کا ڈائریکٹر بنایا گیا ہے۔