دمشق(این این آئی)شام کے دارالحکومت دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر نامعلوم طیاروں کے فضائی حملے کی متضاد اطلاعات ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شام کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے خبر دی تھی کہ دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب دشمن کا
ایک فضائی حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے تاہم کچھ دیر بعد یہ خبر واپس لے لی گئی۔شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے اطلاع دی تھی کہ دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب فضائی حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے تاہم اس کے کچھ دیر بعد خبر رساں ایجنسی نے یہ خبر غائب کردی۔ دمشق کے ہوائی اڈے پر فضائی آمد ورفت معمول کے مطابق جاری ہے اور کسی قسم کے حملے کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی ۔ادھر شامی حکومت کے ایک باخبر ذریعے کے حوالے سے بتایا گیا کہ بہ ظاہر یہ غلطی سے کی گئی وارننگ ہوسکتی ہے۔ اسد رجیم کے ماتحت ذرائع ابلاغ نے کہا کہ محکمہ دفاع نے دمشق ہوائی اڈے کے قریب دشمن کا حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔ادھر شام میں انسانی حقوق کی صورت حال پر نظر رکھنے والے ادارے آبزرویٹری نے بتایا کہ دمشق ہوائی اڈے کے قریب میزائلوں سے بعض تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ ان میں سے بعض میزائل اپنے اہداف پر گرے ۔انسانی حقوق کے آبزرور نے بتایا کہ دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ یہ آوازیں ان میزائلوں کی ہیں جنہیں شامی ڈیفنس فورس نے قریب علاقے میں گرنے والے ایک مشوک ڈھانچے کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیے تھے۔انسانی حقوق کے ادارے کے مطابق تا حال دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب ہونے والی ان کارروائیوں میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔