کابل(نیوزڈیسک)افغانستان میں غیر ملکی افواج نے کہا ہے کہ غزنی شہر کے قریب سڑک کے کنارے نصب ایک بم دھماکے میں تین امریکی فوجی ہلاک اور تین ز خمی ہوگئے ہیں ۔غیر ملکی افواج کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا کہ دھماکے میں ایک امریکی ٹھیکیدار زخمی بھی ہوا ۔دھماکے کے بعد ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور زخمیوں کو علاج کیلئے دھماکے کی جگہ سے نکال لیا گیا ۔بیان میں کہاگیا کہ ہلاک ہونے والوں کے نام ان کے خاندانوں کو اطلاع دینے سے پہلے ظاہر نہیں کیا گیا ۔دریں اثناء ایک اور
بیان میں غیر ملکی افواج نے کہاکہ چوبیس نومبر کو ہلاک ہونے والا امریکی فوجی غلطی سے ایک افغان فوجی کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا تھا ۔یہ و اقعہ صوبے نمروز میں القاعدہ کیخلاف ایک آپریشن کے دوران ہوا تھا ۔ فوجی کمانڈر جنرل سکاٹ ملر کے مطابق تحقیقات سے یہ بات ثابت ہوئی ہے امریکی پر ارادتاً فائرنگ نہیں کی گئی بلکہ فائرنگ حادثاتی طورپر ہوئی تھی ۔ یاد رہے کہ اس وقت افغانستان میں امریکہ کے تقریباً سولہ ہزار اور نیٹو میں شامل اکتالیس ممالک کے تقریباً پانچ ہزار فوجی موجود ہیں۔