دوحہ (این این آئی) قطر ائیرویز نے جنوری سے ایران کے لیے اپنی پروازوں کی تعداد میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔قطر ائیرویز نے یہ اعلان ایران پر امریکا کی پابندیوں کے دوبارہ نفاذ کے چند ہفتے کے بعد کیا ہے جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ کاروبار کرنے والی کمپنیوں کی امریکی مارکیٹ تک رسائی بند کرنے کی دھمکی دی تھی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق قطر ائیر ویز دوحہ اور تہران کے درمیان روٹ پر ہفتے میں دومزید پروازیں چلائیں گی اور جنوری سے شیراز کے لیے
ہفتے میں تین مزید پروازیں چلائے گی۔وہ فروری میں اصفہان اور دوحہ کے درمیان بھی دو مزید پروازیں چلائے گی۔قطر ائیرویز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اکبر البکر نے ایک بیان میں کہا کہ ان نئی پروازوں کا اجرا ایران کے لیے قطری کمپنی کے عزم اور ابھرتی ہوئی مارکیٹ میں اس کے نیٹ ورک کی توسیع کا آئینہ دار ہے۔یورپ کی دو بڑی فضائی کمپنیوں ائیر فرانس اور برٹش ائیرویز نے اس سال ایران کے لیے اپنی پروازیں بند کردی ہیں۔ابو ظبی کی اتحاد ائیرویز نے بھی ایران کے لیے پروازیں معطل کردی ہیں۔