ریاض(انٹرنیشنل ڈیسک)عرب اتحاد کی طرف سے ایک بار پھر یمن کے ایران نواز حوثیوں پر امدادی سرگرمیوں اور متاثرہ علاقوں تک تیل کی رسد میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام عایدکیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق یمن میں آئینی حکومت کی رٹ کی بحالی کے لیے سرگرم عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ حوثی ملیشیا دانستہ طورپر الحدیدہ بندرگاہ سے صنعاء تک تیل، خوراک اور امدادی سامان کی سپلائی میں رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں۔ ان کا
کہنا تھا عرب اتحاد، یمنی حکومت اور امدادی اداروں کو حوثیوں کی وجہ سے امداد کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ نہ صرف صنعاء بلکہ یمن کے دوسرے شہروں میں بھی تیل اور امدادی سامان کی سپلائی بری طرح متاثر ہے۔ سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں دارالحکومت صنعاء ہے جہاں تک امداد اور تیل کی فراہمی نہ ہونے کے برابر ہے۔الریاض میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہاکہ عرب اتحادی فوج نے صعدہ گورنری میں حوثی باغیوں کا بیلسٹک میزائل اڈہ تباہ کردیا۔