نیویارک(انٹرنیشنل ڈیسک)عالمی ادارہ مہاجرت( آئی او ایم)نے کہاہے کہ اس برس اب تک یونان سے اپنے وطنوں کی جانب رضاکارانہ طور پر لوٹ جانے والے تارکین وطن اور مہاجرین کی تعداد دس ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ اکثریت کا تعلق پاکستان اور عراق سے تھا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عالمی ادارہ مہاجرت نے ایک بیان میں بتایاکہ یونانی حکا م نے اپنی ایک رپورٹ میں کہاکہ صرف ستمبر کے مہینے میں یونان میں موجود غیر قانونی تارکین وطن میں سے قریب ایک ہزار افراد رضاکارانہ طور پر اپنے وطنوں کی جانب واپس لوٹے۔
یونانی پولیس اور آئی او ایم کے اہلکاروں کے مطابق اس برس کے آغاز سے لے کر ستمبر کے اختتام تک اپنی مرضی سے اپنے گھروں کو واپس چلے جانے والے غیر قانونی تارکین وطن کی مجموعی تعداد دس ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔رضاکارانہ وطن واپسی کا یہ منصوبہ آئی او ایم کے تعاون سے جاری ہے۔ اس منصوبے کے تحت رضاکارانہ طور پر وطن واپس لوٹنے کے خواہش مند غیر قانونی تارکین وطن کو سفری اخراجات کے علاوہ اپنے وطن میں کاروبار شروع کرنے کے لیے بھی مالی امداد فراہم کی جاتی ہے۔