قاہرہ(انٹرنیشنل ڈیسک)مصر کے جزیزہ نما سیناء کے شمال میں العریش کے مقام پر فائرنگ کے تبادلے میں 15 دہشت گرد ہلاک ہوگئے،دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مصری وزارت داخلہ کے ایک ترجمان نے جمعرا ت کو جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں کہاکہ جزیزہ نما سیناء کے شمال میں العریش کے مقام پر فائرنگ کے تبادلے میں 15 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔بیان کے مطابق مصری فوج کے ایک سیکیورٹی
ذریعے نے بتایا کہ سیکیورٹی اداروں کو اطلاع ملی تھی کہ العریش میں دہشت گردوں کا ایک گروپ دہشت گردی کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔ یہ منصوبہ بندی جنگ اکتوبر کی سالگرہ پر کی جا رہی ہے۔ فوج نے فوری کارروائی کرکے دہشت گردوں کو پکڑنے کی کوشش کی مگر انہوں نے فورسز پر فائرنگ کردی جس کے جواب میں فوج نے بھی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں15 شدت پسند ہلاک ہوگئے۔دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔