پیرس(انٹرنیشنل ڈیسک )فرانس نے ایران میں نئے سفیرکی تعیناتی کا عمل روک دیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فرانسیسی حکومت نے ایک بیان میں بتایاکہ ایران پہلے پیرس میں دہشت گردی کی اس منصوبہ بندی کے بارے میں وضاحت کرے گا جو چند ہفتے قبل ایرانی اپوزیشن کے ایک اجتماع پرحملے کے لیے تیار کی گئی تھی۔ یہ سازش فرانسیسی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے ناکام بنا دی تھی۔
پیرس نے تہران میں نئے سفیر کی تعیناتی غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردی ہے۔ فرانسیسی وزارت داخلہ اور خارجہ کی طرف سے متفقہ طورپر کہا گیا کہ ایران میں نئے سفیر کی اس وقت تک تعیناتی عمل میں نہیں لائی جائے گی جب تک تہران 30 جون کو پیرس میں اپوزیشن کے ایک اجتماع پر حملے کی منصوبہ بندی کے بارے میں وضاحت نہیں کرے گا۔ایک ذریعے نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ وزارت انٹیلی جنس کے آپریشنل امور کے منتظمین نے ایران میں نئے سفیر کی تعیناتی روکنے کا حکم دیا تھا۔یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں دیکھی گئی ہے جب دوسری جانب فرانس نے ایرانی سیکیورٹی اداروں اور متعدد سفارت کاروں کی فلیبنٹ میں حملے کی سازش میں ملوث ہونے پر پابندی عاید کی گئی ہے۔فرانسیسی صدر عمانویل میکروں کے مشیر نے ایک بیان میں کہا کہ تہران نے چند ہفتے کے اندر اندر حملے کی منصوبہ بندی سے متعلق معلومات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات معمول پر آسکتے ہیں