تہران(انٹرنیشنل ڈیسک)ایران میں مقامی حلقوں کی جانب سے بعض وڈیو کلپس گردش میں آئے ہیں جن میں ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سے شام میں البوکمال کے علاقے پر داغے گئے چھ بیلسٹک میزائلوں میں سے دو میزائلوں کو مغربی ایران میں کرمانشاہ کے نزدیک جوانرود کے علاقے میں گرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ پاسداران کا دعوی ہے کہ یہ میزائل اہواز میں فوجی پریڈ پر ہونے والے حملے کے انتقام میں داغے گئے۔عرب ٹی
وی کے مطابق وڈیو کلپس میں ایک میزائل کو سراب یاوری گاؤں میں گرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔ اس کے نتیجے میں زرعی کاشت اور باغیچے برباد ہو گئے۔ایران نے اعلان کیا تھا کہ اْس کی جانب سے یہ حملے ذو الفقار اورقیام میزائلوں اور ڈرون طیاروں کے ذریعے کیے گئے۔ ادھر شامی کارکنان نے بتایا کہ ان میزائلوں سے دیر الزور کے مشرق میں باغوز اور ہجین کے علاقوں میں شہریوں کے گھروں کو نقصان پہنچا۔ مقامی آبادی کے مطابق حملے میں 10 سے زیادہ شہری جاں بحق ہو گئے۔