مدینہ منورہ(انٹرنیشنل ڈیسک)سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز گذشتہ روز حرمین ایکسپریس کے ذریعے مدینہ منورہ پہنچے جہاں انہوں نے مسجد نبوی اور روضہ رسول پر بھی حاضری دی۔عرب ٹی وی کے مطابق مدینہ منورہ کے دورے کے دوران گورنر مدینہ شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور دیگر اعلی حکام
بھی ان کے ہمراہ تھے جب کہ حرمین شریفین کے انتظامی امور کے سربراہ الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس، مسجد نبوی کے آئمہ اور موذنین، مسجد نبوی کے سیکیورٹی انچارج میجر جنرل عبدالرحمان المشحن اور دیگر عہدیداروں نے ان کا استقبال کیا۔خادم الحرمین الشریفین نے روضہ رسول پر حاضری دی اور نوافل ادا کیے۔ انہوں نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے صحابہ کرام پر دردو وسلام بھی بھیجا۔حرمین ایکسپریس کے افتتاح کے بعد شاہ سلمان کے ہمراہ مدینہ منورہ کا دورہ کرنے والے دیگرعہدیداروں میں شہزادہ خالد بن فہد بن خالد، شہزادہ منصور بن سعد بن عبدالعزیز، شہزادہ طلال بن سعود بن عبدالعزیز، شہزادہ خالد بن سعد بن فہد، شہزادہ خالد بن بندر بن عبدالعزیز، وزیر مْملکت شہزادہ ڈاکٹر منصور بن متعب بن عبدالعزیز، خادم الحرمین کے مشیر شہزادہ فہد بن عبداللہ بن عبدالعزیز بن مساعد، شہزادہ سطام بن سعود بن عبدالعزیز، شہزادہ فیصل بن سعود بن محمد، شہزادہ ڈاکٹر حسام بن سعود بن عبدالعزیز، وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف بن عبدالعزیز اور دیگر موجود تھے۔