استنبول(این این آئی )ترکی کے شہر استنبول میں ایک 85 سالہ بوڑھے ترک شہری کے ہاتھوں اْس کی 76 سالہ بیوی کے قتل کی خبر نے عوامی حلقوں کو ہلا کر رکھ دیا۔ترکی کے اخبارات نے بتایا کہ ملزم بلال کی اپنی بیوی اسماء کے ساتھ شادی 50 برس قبل ہوئی تھی۔
ترک ٹی وی کے مطابق اسماء نے اپنے شوہر پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ سوشل میڈیا پر ایک دوسری خاتون کے ساتھ رابطہ رکھتا ہے۔ بیوی کی غیرت کو یہ بات گوارا نہ ہوئی اور وہ اپنے شوہر سے جھگڑ بیٹھی۔بلال نے اپنی بیوی کو قتل کرنے کے بعد خود کشی کی کوشش کی مگر ناکام رہا۔ اسے زخمی حالت میں ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ ملزم بلال بے بتایا کہ حالیہ عرصے میں اْس کے اپنی بیوی کے ساتھ اختلافات بہت زیادہ بڑھ گئے تھے، جو بلال پر سوشل میڈیا کے ذریعے کسی دوسری خاتون کے ساتھ رابطہ رکھنے کا الزام عائد کرتی تھی۔دونوں کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی جس کے اختتام پر مقتولہ نے قاتل سے مطالبہ کیا کہ وہ گھر سے چلا جائے۔ اس پر بلال باورچی خانے سے چھری اٹھا لایا اور اپنی بیوی کے دل میں گھونپ دی۔ یہ تفصیلات ملزم نے استنبول پولیس کے ساتھ تحقیقات میں بتائیں۔یاد رہے کہ یہ جوڑا طویل عرصے سے جرمنی میں مقیم تھا اور چھٹیاں گزارنے کے واسطے ترکی آیا ہوا تھا۔ تاہم تعطیلات کا اختتام ایک بھیانک جرم کی واردات کے ساتھ ہوا جب 85 برس کے عمر رسیدہ شوہر نے شادی کے نصف صدی بعد اپنی 76 سالہ شریک حیات کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔