نئی دلی (آن لائن) بھارتی وزیردفاع نرملا سیتارمن نے کہا ہے کہ نوجوت سنگھ سدھو کے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے گلے ملنے کے اثرات ہمارے فوجیوں پر پڑے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق انڈین ویمن پریس کارپوریشن میں گفتگو کے دوران نرملا سیتارمن نے نوجوت سنگھ سدھو کے جنرل قمر جاوید باجوہ سے گلے ملنے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سدھو کو پاک فوج کے سربراہ سے ملاقات کے دوران گلے ملنے سے گریز کرنا چاہیے تھا۔ان کا کہنا تھا کہ سدھوکے بہت سےپرستار ہیں اور
ایسے میں ان کے پاکستان جا کر جنرل قمر جاوید باجوہ سے بغل گیر ہونے کے عمل نے ہمارے فوجی اہلکاروں پر اثرات ڈالے ہیں۔بھارتی وزیردفاع نے کہا کہ ہماری فوج پاکستان کے حوالے سے ایک خاص انداز میں سوچتی ہے اور اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے سدھو کا پاکستانی آرمی چیف سے ملنا ایک ایسا عمل تھا جس سے عوام کا مورال بھی گرا۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے دوران نوجوت سنگھ سدھوپاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے بغل گیر ہوئے تھے۔۔