سوچی (انٹرنیشنل ڈیسک)روس اور ترکی شامی باغیوں کے زیر قبضہ مغربی صوبے ادلب کے ارد گرد ایک غیر فوجی علاقے کے قیام پر متفق ہوگئے ۔امریکی ٹی وی کے مطابق اس بات کا اعلان روسی صدر ولادی میر پوتین نے ساحلی سیاحتی مقام سوچی میں اپنے ترک ہم منصب رجب طیب ایردوآن کے ساتھ طویل مذاکرات کے بعد ایک
نیوز کانفرنس میں کیا ۔انھوں نے ادلب کی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔صدر پوتین نے اس ملاقات کے بعد کہا کہ ہم نے ادلب میں مسلح حزب اختلاف اور اسد رجیم کے فوجیوں کے درمیان باہم آمنے سامنے کی لکیر سے پندرہ سے بیس کلومیٹر تک حدود میں ایک غیر فوجی علاقے کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔یہ غیر فوجی علاقہ 15 اکتوبر تک قائم کیا جائے گا۔