طرابلس(انٹرنیشنل ڈیسک)لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں سرکاری فوج اور مسلح ملیشیا کے درمیان گھمسان کی لڑائی کی اطلاعات ہیں۔ طرابلس شہر کے بیشترعلاقوں پر فوج نے اپنا کنٹرول مضبط کرلیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق لیبیا کی سرکاری فوج کے بریگیڈ سات نے طرابلس پر حملہ کیا۔ شہرکے ہوائی اڈے کو ملانے والی شاہراہ اور متعدد اہم فوجی کیمپوں پر سرکار فوج نے مسلح ملیشیا کو پسپا کرنے کے بعد اپنا کنٹرول قائم کرلیا ہے۔دارالحکومت کے ایک ہوٹل پر اندھا دھند
گولہ باری کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے جب کہ شہر کے گلی کوچوں میں لڑائی جاری ہے۔عینی شاہدین کے مطابق ایک راکٹ الودان ہوٹل کی چوتھی منزل پر لگا۔ یہ ہوٹل اطالوی سفارت خانے سے صرف ایک سو میٹر دور ہے۔ دھماکے کے بعد ہوٹل کو خالی کرالیا گیا۔لیبیا سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق طرابلس پر 15 میزائل حملے کیے گئے جن میں مسلح جنگجوؤں کو بھاری نقصان پہنچایا گیا۔ سرکاری فوج اور عسکریت پسندوں کے درمیان لڑائی شروع ہوئی جو تا حال جاری ہے۔