صنعاء(انٹرنیشنل ڈیسک)یمن کی سرکاری فوج نے عرب اتحادی فوج کی معاونت سے تعز میں تزویراتی اہمیت کے حامل ایک پہاڑی علاقے کو حوثی باغیوں سے آزاد کرالیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق یمنی فوج کے آپریشنل ملٹری زون4 کے سربراہ بریگیڈیئر محمد فرید نے بتایا کہ سرکاری فوج نے عرب اتحادی فوج کی معاونت سے تعز گورنری کے الشریجہ مقام پر جبل اسحر کو باغیوں سے آزاد کرالیا۔بریگیڈیئر محمد فرید کا کہنا تھا کہ فوج اور مزاحمتی ملیشیا نے شمالی الشریجہ میں باغیوں
کے ٹھکانوں پر تباہ کن وار کیا جس کے نتیجے میں باغی پسپائی پر مجبور ہوگئے۔ فوج نے مزید پیش قدمی کرتے ہوئے تزویراتی اہمیت کے حامل جبل اسحر اور جبل الضواری کے متعدد مقامات کوباغیوں سے آزاد کرالیا۔ان کا کہنا تھا کہ تعز میں دفاعی اہمیت کے حامل پہاڑ کو باغیوں سے چھڑانے سے الضاحی، السحی کے درمیان چار سال سے بند شاہراہ کھولنے اور حوثیوں کی سپلائی لائن کاٹنے کی راہ ہموار ہوگی۔ اس کے ساتھ الراھدہ اور الشریجہ کے درمیان بھی آمد ورفت کا بند سلسلہ بحال ہوگا۔