برلن(انٹرنیشنل ڈیسک)جرمن چانسلر انجیلا میرکل کی قدامت پسند جماعت کے رہنماؤں نے کہاہے کہ جرمن معاشرے میں مہاجرین کے بہتر انضمام کے لیے انہیں ایک برس تک سماجی شعبے میں خدمات انجام دینے پر مامور کرنا چاہیے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سیاسی رہنماؤں نے بتایاکہ اس طرح یہ تارکین وطن جرمن معاشرے میں بہتر طور پر ضم ہو پائیں گے۔
چانسلر میرکل کی جماعت کرسچین ڈیموکریٹک یونین کی جنرل سیکرٹری آنے گریٹ کرامپ کارین باؤر نے فنکے میڈیا گروپ سے بات چیت میں کہاکہ ایک برس تک کمیونٹی سروس مہاجرین اور سیاسی پناہ کے متلاشی افراد کو جرمن معاشرے میں ضم ہونے کا موقع بھی فراہم کرے گی اور ساتھ ہی عوام میں ان کی قبولیت میں بھی اضافہ ہو گا۔سی ڈی یو کی سیکرٹری جنرل کرامپ کارن باؤر نے کہاکہ قدامت پسند جماعت کے ارکان کسی نہ کسی صورت میں لازمی کمیونٹی سروس کی بحالی کے حامی ہیں تاکہ سماجی اور قومی اتحاد میں اضافہ ہو۔ان کا مزید کہنا تھاکہ ہماری جماعت کے ارکان ان سماجی خدمات کے لیے فقط جرمن شہریوں ہی نہیں بلکہ سیاسی پناہ کے متلاشی افراد اور مہاجرین کی بابت بھی سوچ رہے ہیں، جو بالغ ہیں اور جرمنی میں رہ رہے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ اگر مہاجرین ایک سال رضاکارانہ طور پر یا لازمی طور پر سماجی شعبے میں کام کرتے ہیں، تو اس سے معاشرے میں ان کے انضمام میں مدد ملے گی اور جرمن عوام میں ان کی قبولیت میں بھی اضافہ ہو گا۔