اسلام آباد (این این آئی)پاکستان نے اپنے دیرینہ دوست ملک ترکی پر امریکا کی جانب سے عائد اقتصادی و سفارتی پابندیوں کی مخالفت کردی۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کسی بھی ملک کی جانب سے دوسرے ملک پر عائد کی جانے والی یک طرفہ پابندیوں کی مخالفت کرتا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ کسی بھی مسئلے کو باہمی مفاہمت اور بات چیت کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔دفتر خارجہ نے کہا کہ کسی ملک کے خلاف یک طرفہ
کارروائی امن و استحکام اور مسائل کے حل کو مزید پیچیدہ بنادیتی ہے۔پاکستان نے عالمی امن اور استحکام میں ترکی کے قابلِ ذکر کردار کی تعریف کرتے ہوئے اسے عالمی معیشت میں ایک انجن قرار دیا۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام خوشحالی اور ترقی کے لیے ترک حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔بیان میں اسلام آباد نے اعادہ کیا کہ وہ اپنے مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے انقرہ کے ساتھ کھڑا رہے گا۔