چین میں پاکستانی طلباء کو جز وقتی ملازمت کی اجازت مل گئی ،کاروبار بھی کرسکیں گے ، تفصیلات جاری بیجنگ(آئی این پی/شِنہوا)چینی حکومت کی جانب سے چینی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے والے پاکستانیوں سمیت دیگر غیر ملکی طلباء کو جز وقتی
ملازمت کی اجازت دے دی گئی جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ غیر ملکی طلباء کو چین میں اعلیٰ تعلیم کیلئے راغب کرنا ہے،وزارت تعلیم کے ایک بیان کے حوالے سے چین کے معروف اخبار چائنہ ڈیلی نے بتایا ہے کہ حکومت اس سلسلے میں پاکستانیوں سمیت دیگر غیر ملکی طلباء کو بیجنگ اور شنگھائی میں جزوقتی ملازمت کی اجازت دینے کیلئے غیر معمولی تبدیلیاں متعارف کرا رہی ہے،تاہم اس کے لیے انہیں اپنے تعلیمی اداروں سے اجازت لینا ہوگی،2015میں شنگھائی نے اس سلسلے میں ایک پائلٹ پالیسی پر عمل شروع کیا تھا جس میں پاکستانیوں سمیت ان غیر ملکی طلباء کو جنہوں نے چینی یونیوسٹیوں سے گریجوایشن کی ہو وہ انٹرشپ کر سکتے ہیں یا گریجوایشن کے بعد دو سال کیلئے زینگ جیانگ نیشنل زون میں اپنا کاروبار شروع کر سکتے ہیں۔ایک سال بعد مزید پابندیاں نرم کی گئیں اور غیر ملکی طلباء کو دوران تعلیم کاروبار کی اجازت دی گئی ہے ۔تاہم اب پاکستانی طلباء کے لئے بڑی خوشخبری کی بات یہ ہے کہ چین میں اب انہیں اور دیگر غیر ملکی طلباء کو جزوقتی ملازمت کی اجازت دے دی گئی ہے ۔