جنیوا(آئی این پی )اقوام متحدہ نے مطالبہ کیا ہے کہ سعودی عرب میں قید سماجی کارکنوں کو رہا کیا جائے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کے انسانی حقوق سے متعلق ادارے نے سعودی عرب سے خواتین سمیت تمام امن پسند سماجی کارکنوں کو رہا کرنے کا مطالبہ کردیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ان قید سماجی کارکنان میں
وہ خواتین بھی شامل ہیں جنہوں نے سعودی عرب میں خواتین کی ڈرائیونگ پر عائد پابندی کے خاتمے کے لیے مہم چلائی تھی۔ایک اندازے کے مطابق رواں برس مئی کے وسط سے اب تک حکومت پر تنقید کرنے والے 15 کارکنان کو گرفتار کیا جاچکا ہے جس میں کچھ افراد کے بارے میں کوئی معلومات نہیں، جس سے ان کے خلاف مقدمات کی شفافیت مشکوک ہوگئی ہے۔واضح رہے کہ گرفتار ہونے والے ان افراد میں خواتین کے حقوق کی نمایاں کارکن ایڈووکیٹ حاتون الفسی بھی شامل ہیں، جنہیں جون میں اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ دنیا میں خواتین کی ڈرائیونگ پر آخری پابندی ختم ہونے کا جشن منانے کے لیے صحافیوں کو اپنی کار میں لے جانے کا منصوبہ بنا رہی تھیں۔اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کی ترجمان روینہ شمدسانی کا کہنا تھا ہم سعودی عرب کی حکومت سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ انسانی حقوق کے تمام کارکنان اور سماجی رضاکاروں کو غیر مشروط طور پر رہا کیا جائے، جو پر امن طور پر سماجی کام سر انجام دے رہے تھے، جس میں کئی سالوں سے خواتین کی ڈرائیونگ پر پابندی کے خلاف چلائی جانے والی مہم بھی شامل ہے۔