لندن (این این آئی ) برطانیہ میں طوفانی بارش کے بعد پروازیں منسوخ ہونے سے سٹینسٹیڈ ہوائی اڈے پر چھٹیاں منانے جانے والے پھنس گئے، جاپان سے سمندری طوفان جونگ دری ٹکرا گیا، شدید بارش سے نو صوبوں میں کاروبار زندگی میں رخنہ پڑ گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں گزشتہ ہفتے شدید گرمی کے بعد ہونے والی طوفانی بارش نے نظام زندگی کو بری طرح متاثر کیا، لندن کے سٹینسٹیڈ ہوائی اڈے سے پروازیں منسوخ ہونے کے باعث بیرون ملک
چھٹیاں منانے جانے والے پھنس گئے۔دوسری جانب سڑکیں زیر آب آنے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، زیر سمندر راستے یورو چینل کے راستے فرانس جانے والے ٹریفک کے رش میں پھنس گئے، ادھر سمندری طوفان جونگ دری جاپان سے ٹکرا گیا۔جاپانی میڈیا کے مطابق طوفانی بارش سے نو صوبوں میں ایک لاکھ ساٹھ ہزار گھروں کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، ہوائی اور ریل سروس بھی عارضی طور پر بند کرنا پڑی، مختلف واقعات میں 17افرادزخمی ہوگئے۔