تہران(این این آئی)ایرانی فوج کے خصوصی دستوں کے کمانڈر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ نے ایران پر حملہ کیا تو امریکہ کے پاس جو کچھ ہے ایران اسے تباہ کر دے گا۔ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق میجر جنرل قاسم سلیمانی نے کہا کہ امریکہ نے جنگ شروع کی ہے اور اسلامی جمہوریہ اسے ختم کرے گا۔میجر جنرل قاسم سلیمانی ایران کی انقلابی گارڈ کی کرد فورسز کے سربراہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک سپاہی
ہونے کے ناطے یہ میرا فرض ہے کہ میں ان دھمکیوں کا جواب دوں۔انھوں نے صدر ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سے بات کریں صدر روحانی سے نہیں۔ یہ صدر کا کام نہیں کہ وہ ایسی باتوں کا جواب دیں۔ہم تمہارے اتنے قریب ہیں کہ تم تصور بھی نہیں کر سکتے۔ آ جاؤ، ہم تیار ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر آپ نے جنگ شروع کی تو ہم اسے ختم کریں گے۔ آپ جانتے ہیں کہ یہ جنگ آپ کی ہر چیز کو تباہ کر دے گی۔انھوں نے امریکہ صدر پر نائٹ کلبس اور جوئے خانوں کی زبان استعمال کرنے کا الزام عائد کیا۔