ریاض(این این آئی)سعودی عرب میں وزارت انصاف نے خواتین کو عدالت سے اْن کی طلاق کی ڈکری جاری ہونے کی اطلاع دینے کے لیے موبائل فون کے تصدیقی ایس ایم ایس کی سروس شروع کی ہے۔ یہ ایس ایم ایس نیشنل انفارمیشن سینٹر کی جانب سے بھیجا جائے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ اقدام بعض خواتین کی شکایات کے پیش نظر کیا گیا ہے جن کی جانب سے یہ بات سامنے آئی کہ انہیں طلاق کی ڈکری جاری ہونے کی بروقت اطلاع نہیں مل سکی۔سعودی وزیر انصاف اور
سپریم جوڈیشل کونسل کے سربراہ ولید الصمعانی نے نیشنل انفارمیشن سینٹر کے ساتھ مربوط ویب لنک کا افتتاح کیا تھا جس کا مقصد نکاح کی تصدیق کے بعد شادیوں کا کمپیوٹر میں اندراج ہے۔ اس طرح شہریوں کے متعلق معلومات کے ڈیٹا بینک میں شوہر اور بیوی دونوں کی ازدواجی حالت کی تجدید ہو جائے گی۔ان تمام اقدامات کا مقصد غیر تصدیق شدہ شادیوں اور طلاقوں کے وجود کو روکنا ہے۔ اس لیے کہ عدم تصدیق کے سبب سماجی مسائل جنم لیتے ہیں اور فریقین کے حقوق کے ضیاع کا اندیشہ ہوتا ہے۔