ٹورنٹو(این این آئی)کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں مسلح شخص نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک اور ایک بچی سمیت 13 افراد زخمی ہوگئے، جبکہ فائرنگ کرنے والے شخص نے خود کو گولی مارلی۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ انہیں شہر کے علاقے گریک ٹاؤن سے مقامی وقت کے مطابق رات دس بجے کال موصول ہوئی۔
اس حوالے سے ٹورنٹو پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ کے ذریعے بتایا کہ 14 افراد فائرنگ کا نشانہ بنے جس میں سے ایک خاتون ہلاک جبکہ 13 زخمی ہوئے، زخمیوں میں ایک بچی کی حالت تشویش ناک ہے۔اس سلسلے میں امریکی خبر رساں ادارے نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ جائے وقوع پر موجود عینی شاہد نے بتایا کہ انہوں نے تقریباً 20 گولیوں کی آوازیں سنیں ہیں جبکہ ہتھیار کو مسلسل ری لوڈ کرنے کی آوازیں بھی آرہیں تھیں۔پولیس ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ مشتبہ شخص نے خود کو ہلاک کرنے سے قبل پولیس پر بھی فائرنگ کی۔کچھ متاثرین کو موقع پر ہی طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ متعدد کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم فائرنگ کی وجوہات کا تاحال علم نہیں ہوسکا۔واقعے پر اونٹاریو کے وزیر اعلیٰ ڈوگ فورڈ نے ٹوئٹ کر کے متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ میری تمام تر ہمدردیاں ٹورنٹو میں ہونے والے فائرنگ کے واقعے کے متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔