صنعاء(انٹرنیشنل ڈیسک)یمن کی آئینی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں ایران نواز حوثی ملیشیا کے خلاف جاری کارروائی کے دوران 119 حوثی جنگجو ہلاک اور 17 کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق شام یمن کی فوج کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ 48 گھنٹوں کے دوران سرکاری فوج، حکومت کے حامی مزاحمت کاروں اور عرب اتحادی فوج کی کارروائیوں میں کم سے کم 119 جنگجو ہلاک ہوگئے۔ سب سے زیادہ ہلاکتیں باغیوں کے گڑھ صعدہ اور حج میں ہوئیں۔
یمنی فوج کے مطابق عرب اتحادی فوج کی معاونت سے سیکیورٹی فورسز نے حج اور صعدہ کو کئی محاذوں سے نشانہ بنایا۔ سرکاری فوج نے صعدہ میں باقم محاذ میں مزید پیش قدمی کرتے ہوئے باغیوں کو پسپا کردیا ہے۔ یمنی فوج باقم ڈاریکٹوریٹ کے مرکز میں داخل ہونے کے قریب پہنچ گئی ہے۔یمنی فوج کے بریگیڈ 102 کے سربراہ بریگیڈیئر یاسر الحارثی نے بتایا کہ فوج نے باقم ڈاریکٹوریٹ کو تمام اطراف سے گھیر لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ ہفتے شروع ہونے والا آپریشن جلد ہی اختتام پذیر ہوگا۔