اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی عمان میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے خفیہ ملاقات، ملاقات میں اردن کے شاہ عبداللہ موجود نہیں تھے،ملاقات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر کے دورے کے موقع پر ہوئی، اسرائیلی اخبار کا دعویٰ۔ تفصیلات کے مطابق ایک اسرائیلی اخبار نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان
نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے عمان میں خفیہ ملاقات کی ہے۔ اسرائیلی اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی عمان کے دارالحکومت میں ہونیوالی خفیہ ملاقات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر کے دورے کے موقع پر ہوئی ۔ اسرائیلی اخبار نے اس خبر کو مسترد کر دیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس موقع پر اردن کے شاہ عبداللہ بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل میڈیا پر خبر نشر ہوئی تھی کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے امریکی صدرکے خصوصی نمایندے اورمشیر برائے مشرق وسطیٰ نے ملاقات کی جس میں اسرائیل فلسطین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وائٹ ہائوس سے جاری بیان کے مطابق صدرٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنراور خصوصی نمایندے گرین بلیٹ نے ریاض میں سعودی ولی عہد سے ملاقات کی اوراسرائیل فلسطین امن عمل اور غزہ کی صورتحال پر گفتگو کی ۔دورہ سعودی عرب سے پہلے امریکی عہدیداروں نے اردن کے شاہ عبداللہ سے بھی ملاقات کی تھی ٗامریکی نمائندے اگلے مرحلے میں اسرائیل ، مصر اور قطر کا دورہ کریں گے۔القدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دینے کے بعد فلسطینی رہنمائوں نے امریکا کا امن عمل میں کردار قبول کرنے سے انکار کردیا ہے ۔خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر اور ان کی اہلیہ بیت المقدس میں امریکی سفارتخانے کے افتتاح کے موقع پر وہاں موجود تھے اور اسرائیلی اعلیٰ قیادت کی موجودگی میں دونوں نے امریکی سفارتخانے کا افتتاح کیا تھا۔