ونی پیگ (نیوزڈیسک) کینیڈا میں پاکستانی ہائی کمشنر طارق عظیم خان نے صوبہ مینی ٹوبا کے شہر ونی پیگ میں محمد علی جناح پارک کا افتتاح کردیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ ‘بانی پاکستان کے نام پر اس پارک کی تعمیر کا سارا کریڈٹ پاکستانی۔کینیڈین کمیونٹی کو جاتا ہے’۔اس حوالے سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق افتتاح کے موقع پر پورے کینیڈا سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔طارق عظیم خان نے اس موقع پر ایک الگ وطن کے قیام کے سلسلے میں بانی پاکستان
قائداعظم محمد علی جناح کی قربانیوں پر روشنی ڈالی۔انہوں نے بتایا کہ ونی پیگ میں پاکستانی کمیونٹی اپنے ملک کی ثقافت اور اچھے تاثر کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے۔جناح پارک کے قیام کے لیے چلائی گئی مہم کے سربراہ ڈاکٹر راشد باہری نے بتایا کہ ‘محمد علی جناح پاکستانی عوام کے دل سے قریب ہیں اور یہ پارک آنے والی نسلوں کو ہمارے عظیم قائد کی یاد دلاتا رہے گا۔’اس موقع پر سٹی کونسلر جنیس لیوک نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پارک کے احاطے میں کرکٹ گراؤنڈ بھی تعمیر کیا جائے گا۔