جدہ(این این آئی)اسلامی تعاون تنظیم(او آئی سی)کے انسانی حقوق کے آزاد مستقل کمیشن نے بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں لوگوں پر جبر و تشدد کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق آئی پی ایچ آر سی نے جدہ سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیریوں پر جاری جبر و تشدد انسانی حقوق کے عالمی ضوابط کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔
جبکہ یہ عمل اس بات کابھی غماز ہے کہ بھارت انسانی حقوق کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہا۔ بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیاں میں گزشتہ ہفتے محاصروں اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران کم از کم 20افراد شہید جبکہ درجنوں زخمی کر دیے تھے جبکہ بھارتی فوج کی ایک گاڑی نے سرینگر میں ایک شہری کو کچل دیا تھا جس کی ویڈیوسوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی ۔ او آئی سی کے انسانی حقوق کمیشن نے شہید ہونے والوں کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے عالمی برادری خاص طور پر تنظیم کے رکن ملکوں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے فوری خاتمے اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔ آئی پی ایچ آر سی نے او آسی سی کی طرف سے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی مسلسل حمایت کا خیر مقدم کرتے ہوئے تنازعہ کشمیرکے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل پر زور دیا۔