مکہ مکرمہ(این این آئی)سعودی عرب میں وزارت حج و عمرہ نے رواں سال (1439ہجری میں) حج کے خواہش مند تمام سعودی شہریوں اور غیر ملکی مقیمین کے لیے حج سیزن میں خدمات پیش کرنے والی اجازت یافتہ کمپنیوں اور اداروں کے ذریعے رجسٹریشن کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق وزارت نے واضح کیا کہ تمام لوگوں کو ان کے لیے مناسب سروس اور معاوضہ اختیار کرنے کا موقع دیا جائے گا۔
یہ عمل دو مرحلوں پر مشتمل ہو گا۔پہلا مرحلہ (پروگرامز اور سروس پیکجز کا تعارف) اختیاری ہو گا جو رمضان کے نصف یعنی 30 مئی 2018 سے شروع ہو کر شوال کے اختتام یعنی 13 جولائی 2018ء تک جاری رہے گا۔اس دوران مملکت کے اندرون سے حج کے خواہش مند افراد متعلقہ ویب پورٹل پر جا کر اجازت یافتہ کمپنیوں اور اداروں کی جانب سے پیش کردہ خدمات کے تمام پروگرام اور پیکجز ملاحظہ کر سکتے ہیں۔ پہلی مرتبہ ان افراد کو ابتدائی طور پر یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ ان پروگراموں میں سے اپنے لیے مناسب پیکج کا انتخاب کر لیں۔ ساتھ ہی حج کے خواہش مند افراد اپنے ہمراہ لوگوں کا ڈیٹا بھی داخل کر سکیں گے۔ حتمی بکنگ سے منتخب پیکج اور افراد کی معلومات میں ترمیم کی جا سکے گی۔دوسرا مرحلہ (بکنگ کے اقدامات کی تکمیل) یکم ذوالقعدہ مطابق 14 جولائی 2018ء سے شروع ہو گا اور سات ذوالحجہ مطابق 18 اگست 2018ء تک جاری رہے گا۔ اس دوران بکنگ مکمل کرنے کے لیے ایک بار پھر مذکورہ ویب پورٹل میں داخل ہو کر اْس ترجیحی فہرست کا جائزہ لیا جائے گا جو پہلے تیار کی گئی تھی۔ اس کے بعد منتخب پیکج کی تصدیق کر کے بکنگ کا عمل مکمل ہو جائے گا۔وزارت حج ع عمرہ کی جانب سے حج کے خواہش مند تمام سعودی شہریوں اور غیر ملکی مقیمین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ صرف اجازت یافتہ ٹور آپریٹروں کے ذریعے ہی اپنی رجسٹریشن کروائیں۔ اس مقصد کے لیے واحد راستہ مذکورہ ویب پورٹل ہے۔ اس پورٹل میں تمام منظور شدہ پروگرام اور پیکجز مہیا کر دیے گئے ہیں۔وزارت نے خبردار کیا کہ ویب پورٹل کے ذریعے طے پائے گئے معاہدے کے علاوہ کسی اضافی معاوضے کی ادائیگی وزارت حج کی جانب سے جاری ہدایات کی خلاف ورزی شمار کی جائے گی۔