واشنگٹن (این این آئی)امریکہ میدان جنگ میں پکڑے گئے مشتبہ دہشت گردوں کو کیوبا کے گوانتانامو بے کے قیدخانے کی تنصیب میں قید کرتا رہے گا، ایسے میں جب وہ ملک کے لیے جاری اور اہم خطرے کا سبب بنے ہوئے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پینٹاگان کے حکام نے یہ بات وائٹ ہاؤس کو بھیجے گئے نئے ہدایت نامے میں بیان کی ہے جس میں صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے فیصلے کی تائید کی گئی ہے ۔
جس میں اس امریکی فوجی قید خانے سے متعلق فیصلے کو الٹنے اور اسے جاری رکھنے کی حمایت کی گئی ہے۔ایک بیان میں محکمہ دفاع کی خاتون ترجمان کمانڈر سارا ہجنز نے کہا کہ وزیر دفاع نے وائٹ ہاؤس کو نئی پالیسی فراہم کر دی ہے جس میں گوانتانامو بے کے امریکی بحریہ کے مرکز میں قائم حراستی تنصیب کی جانب افراد کو منتقل کرنے کی شرائط بیان کی گئی ہیں۔بقول اْن کے یہ پالیسی ہماری جنگی لڑاکا فورس کو ہدایت فراہم کرتی ہے کہ قیدیوں کو گوانتانامو منتقل کرنے کے لیے کس طرح نامزد کیا جاسکتا ہے، ایسے میں جب کسی شخص کو امریکہ کی سلامتی کے لیے جاری اور اہمیت کا حامل خطرہ گردانا جاتا ہو۔