انقرہ(این این آئی)ترکی کے وزیر خارجہ نے کہاہے کہ فرانسیسی صدر عمانوئل ماکروں کے بیان کے نتیجے میں ترکی اور روس کے درمیان تعلقات ختم نہیں ہو سکتے۔ ماکروں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ شام پر فضائی حملوں نے اس معاملے پر انقرہ اور ماسکو کے بیچ اختلاف پیدا کر دیاہے۔میڈیرپورٹس کے مطابق نیٹو اتحاد کے سکریٹری جنرل کے ساتھ ایک پریس کانفرنس میں ترک وزیر خارجہ مولود چاوش اوگلو نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ ہم مختلف
شکل میں سوچیں مگر روس کے ساتھ ہمارے تعلقات اس درجے کمزور نہیں کہ فرانسیسی صدر کے لیے انہیں توڑنا ممکن ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ روس کے ساتھ ہمارے مضبوط تعلقات ہیں۔فرانسیسی صدر عمانوئل ماکروں یہ کہہ چکے ہیں کہ ان کے ملک نے امریکا اور برطانیہ کے ساتھ مل کر شام میں بشار کے ٹھکانوں پر جو عسکری حملہ کیا اس نے ترکی اور روس کے درمیان فاصلے پیدا کر دیے ہیں۔ ماکروں نے واضح کیا کہ مشرقی غوطہ میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے آغاز سے ہی ترکی نے اس کی مذمت کی۔