صنعاء(مانیٹرنگ ڈیسک)لبنان میں روسی سفیر الیگزینڈر زیسبکین نے کہا ہے شام کو نشانہ بنانے والے امریکی میزائلوں کو مار گرایا جائے گا، میزائل داغے جانے کے مقامات کو بھی نشانہ بنایا جائے گا،غیر ملکی میڈیا کے مطابق لبنان میں روسی سفیر الیگزینڈر زیسبکین کا کہنا ہے
کہ شام پر داغے جانے والے امریکی میزائلوں کو مار گرایا جائے گا اور ان کے داغے جانے کے مقامات کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔برطانوی خبررساں ایجنسی کے مطابق منگل کی شام اپنے بیان میں زیسبکین نے مزید کہا کہ روسی صدر ولادیمر پوتین اور روسی چیف آف اسٹاف کے بیانات کی بنیاد پر یہ بات بول رہے ہیں۔روسی سفیر نے مقامی میڈیا کو دیے گئے بیان میں کہا کہ “اگر امریکیوں کی طرف سے حملہ ہوا تو پھر نہ صرف میزائلوں کو مار گرایا جائے گا بلکہ ان کے داغے جانے والے ذرائع کو بھی نشانہ بنایا جائے گا”۔واضح رہے کہ منگل کے روز شام کے سلسلے میں سلامتی کونسل کے اجلاس میں امریکا اور روس کے بیچ شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے حوالے سے جھڑپ ہو گئی۔ امریکا اور اس کے حلیف رواں ہفتے کے آغاز پر مبینہ طور پر زہریلی گیس کے حملے کے حوالے سے شامی حکومت کی فوج کو نشانہ بنانے پر غور کر رہے ہیں۔ حملے میں کم از کم 100 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔اس وحشیانہ کارروائی کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام کے سربراہ بشار الاسد کو “حیوان” قرار دیا اور روسی صدر ولادیمیر پوتین پر بھی نادر نوعیت کی ذاتی تنقید کی۔