نئی دہلی (این این آئی)بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے رواں سال پاکستان میں جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون تنظیم (سارک) کے اجلاس کے انعقاد کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں اسلام آباد میں سارک کانفرنس کا انعقاد ممکن نہیں،
بھار ت اس کانفرنس میں شرکت نہیں کرے گا ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی نے نئی دہلی میں نیپال کے وزیراعظم کے پی شرما سے ہونیوالی ملاقات کے دوران پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے اس سال سارک سربراہ اجلاس کےاسلام آباد میں انعقاد کو خارج از امکان قرار دیا اور نیپالی وزیراعظم سے کہا کہ موجودہ صورتحال میں اسلام آباد میں سارک کانفرنس کا انعقاد ممکن نہیں ہے ،بھارت اس کانفرنس میں شرکت نہیں کرے گا۔ انہوں نے نیپال پر بھی کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کیلئے زور دیا۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور نیپالی وزیراعظم کے پی شرما کی ملاقات کے بعد بھارتی سیکرٹری خارجہ ویجاج گوکھل نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ بھارتی وزیراعظم نے اپنے ہم منصب کو سارک کانفرنس سے متعلق بھارت کے خدشات سے آگاہ کیا ہے اور پاک بھارت سرحد پر موجودہ صورت حال کے پیش نظر پاکستان میں سارک کانفرنس کے انعقاد کو ناممکن قرار دیا ہے۔