بیروت(این این آئی)لبنان میں دارالحکومت بیروت کے ہوائی اڈے پر ایتھوپیا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کے بچّے کی پیدائش عجیب و غریب حالات میں ہوئی۔میڈیارپورٹس کے مطابق لبنان کی داخلہ سکیورٹی فورسز کی ایک خاتون افسر فرح فیاض نے متعلقہ ٹوئیٹر اکاؤنٹ پر جاری ایک وڈیو میں واقعے کی تفصیلات بتائی ہیں۔ فرح کے مطابق وہ بیروت کے رفیق حریری بین الاقوامی ہوائی اڈّے پر معمول کا گشت کر رہی تھی۔
کہ اس دوران ایک خاتون مسافر دوڑتی ہوئی اس کے پاس پہنچی اور کہا کہ ایک عورت نے بیت الخلاء میں بچّے کو جنم دیا ہے۔ یہ سن کر مذکورہ افسر دوڑتی ہوئی بیت الخلاء پہنچی تو دیکھا کہ ایک سیاہ فام خاتون اپنے نومولود بچّے کے کموڈ میں گر جانے پر شوہر مچا رہی تھی۔ فرح نے دوسری خاتون مسافر کی مدد سے بچّے کو نکالا اور پھر اس کو صاف کیا۔اس دوران فوری طور پر شفٹ کے ڈاکٹر کو طلب کیا گیا تا کہ وہ بچّے کو جنم دینے والی خاتون کی دیکھ بھال کرے جس کو بعد ازاں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔وڈیو میں ایتھوپین خاتون ایک لبنانی ہسپتال میں اپنے نومولود بچّے کے ساتھ اچھی حالت میں نظر آ رہی ہے جب کہ اس کے ساتھ لبنانی سکیورٹی فورسز کی افسر فرح فیاض بھی موجود ہے۔تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ یہ ایتھوپین خاتون 22 جولائی 2017ء کو لبنان میں داخل ہوئی تھی اور وہ حاملہ تھی تاہم اْس وقت خاتون کے حاملہ ہونے کی علامات ظاہر نہیں ہو رہی تھیں۔