واشنگٹن (این این آئی)شمالی افغان صوبے قندوز میں کی گئی فضائی کارروائی کے بعد حملے میں بچ جانے والے عینی شاہدین اور دیہاتیوں نے بتایا ہے کہ صوبہ قندوز میں طالبان کے زیر کنٹرول دشتِ آرچی کے ضلعے میں شدت پسندوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں درجنوں شہری ہلاک ہوئے جن میں بچے بھی شامل ہیں، جو ایک مذہبی تقریب میں شرکت کے لیے جمع تھے۔افغان میڈیا کے مطابق اجتماع میں طالبان کا کوئی رکن موجود نہیں تھا، جب کہ سینکڑوں افراد دستاربندی کی
ایک محفل میں شریک تھے، جس میں قرآن مجید کو حفظ کرنے پر نوجوان لڑکوں کو گریجوئیشن کی ڈگری دی جارہی تھی۔صوبائی دارالحکومت قندوز کے ایک اسپتال کے سامنے دھاڑیں مار کر روتے ہوئے ایک شخص نے کہا کہ میں خدا کو گواہ بنا کر کہتا ہوں کہ اگر حکومت کا احتساب نہیں ہوتا، تو میں اپنی جان لے لوں گا۔ایک اور شخص نے چیخ کر کہا کہ میرا بھانجا ہلاک ہوگیا ہے۔آسمان کی جانب ہاتھ اٹھائے ایک شخص نے چیختے ہوئے فریاد کی کہ یہ کافروں کی حکومت ہے۔